کراچی(نمائندہ خصوصی) قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) نے کارڈیوویسکیولر ایم آر آئی اور نئے تجدید شدہ ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کے افتتاح کے ساتھ ایک اور سنگِ میل عبور کیا ہے۔وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے تقریب میں مہمان خصوصی طور پر شرکت کی، انہوں نے این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر اور این آئی سی وی ڈی کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر کے ہمراہ این آئی سی وی ڈی کراچی میں نئی سہولیات کا افتتاح کیا۔
تقریب کے دوران، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے این آئی سی وی ڈی میں صحت کی دیکھ بھال کے منظر نامے کے لیے ان نئی سہولیات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ این آئی سی وی ڈی عالمی معیار کی قلبی نگہداشت اور اور اس میں مسلسل بہتری لانے کے لیے ہر وقت کوشان رہتا ہے۔وزیر صحت نے مزید کہا کہ این آئی وی ڈی میں ان جدید سہولیات کا آغاز صوبہ سندھ میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو بڑھانے کی ہماری کوششوں میں ایک اہم پیش رفت کی نمائندگی کرتا ہے۔ این آئی سی وی ڈی کی توسیع اور علاج کی جدید سہولیات سے لاکھوں مریض مستفید ہو رہے ہیں۔ انہی سہولیات کی فراہمی کے وجہ سے ادارے نے نہ صرف صوبہ سندھ بلکہ پورے ملک میں امراضِ قلب کے جدید علاج کے لیے اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے۔اس موقع پر این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر نے سامعین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کے 10ہسپتال اور 29چیسٹ پین یونٹس پورے ملک سے آنے والے مریضوں کو امراضِ قلب کا جدید علاج بالکل مفت فراہم کرنے میں دن رات مصروفِ عمل ہیں۔پروفیسر طاہر صغیر نے کہا کہ کارڈیوویسکیولر ایم آر آئی اور نئے تجدیدشدہ ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کا آغاز صوبہ سندھ اور پورے ملک سے آنے والے مریضوں کو جدید قلبی نگہداشت فراہم کرنے کے این آئی سی وی ڈی کے جاری مشن میں ایک اہم قدم ہے۔ وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور دیگر مہمانوں نے نئی افتتاحی سہولیات کا دورہ بھی کیا، جو مریضوں کی غیرمعمولی دیکھ بھال و علاج فراہم کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔ این آئی سی وی ڈی قلبی صحت کی دیکھ بھال میں ایک علمبردار ادارہ ہے، اور یہ نئی پیش رفت کارڈیالوجی کے شعبے میں ایک سرکردہ ادارے کے طور پر اس کے مقام کو مزید مستحکم کرتی ہے۔