اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )fسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کی تاریخ کے سیاہ ترین واقعہ سانحہ 9 مئی کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر افواج پاکستان اور شہداء قوم کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔پاکستانی قوم کو اپنی افواج اور ملک کی خاطر ان کی دی گئی قربانیوں پر فخر ہے، پاک فوج کے شہداء نے ملک کی بقاء اور ملک سے دہشت گری کے خلاف جنگ میں جو لازوال قربانیاں پیش کی ہیں انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، شہداء زندہ قوموں کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ 9 مئی کے ایک سال مکمل ہونے پر اپنے جاری بیان میں کیا۔ سپیکر نے کہا کہ 9 مئی 2023 کو جو کچھ ہوا اس پر پوری قوم آج بھی رنجیدہ ہے، ناعاقبت اندیش اور گمراہ افراد کی بدولت شرانگیز واقعات، توڑ پھوڑ اور جناح ہائوس سمیت اہم فوجی تنصیبات پر حملہ ملک اور قوم کی ناموس پر بدنما داغ ہے، کسی بھی مہذب معاشرے میں اس قسم کی شرپسند کارروائیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ 9 مئی کو جناح ہائوس ، فوجی تنصیبات اور ریاستی اداروں پر سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حملہ کیا گیا اور ملکی وقار کو پامال کرنے کی گھنائونی کوشش کی گئی ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے خاص طور پر پاک افواج کے شہداء اور ان سے وابستہ یادگاروں کی بے حرمتی اور توہین کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ شہداء کے ورثاء سے اظہار تاسف کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پوری قوم شہداء کے ورثاء سے شرمسار ہے اور انہیں یقین دلاتی ہے کہ ایسے بہیمانہ حملہ آوروں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔سپیکر نے مزید کہا کہ9 مئی جیسے اقدامات نے شہداء کے اہلخانہ کے زخموں کو دوبارہ سے تازہ کیا ہے جو کسی صورت مندمل نہیں ہو سکتے۔سپیکر نے کہا کہ ملک کی خاطر جانوں کی قربانی دینے والے شہداء کے مزارات کی بے حرمتی کرنا نہایت شرمناک فعل تھا، شر پسند عناصر جو ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانے کی کارروائیوں میں ملوث ہیں، کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ قوم گواہ ہے کہ ان عناصر نے اس سے پہلے بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کو پستی کے گرداب میں پھنسانے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی، قوم کا بچہ بچہ اپنی پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ملک پر جب بھی کڑا وقت آیا تو پوری قوم اپنی پاک افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہو گی۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ 9 مئی کا دن ملک کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جب پاک افواج کے شہداء کی توہین، ان کی یادگاروں کو مسمار کیا گیا اور ملک کی تاریخی عمارت جناح ہائوس کو نقصان پہنچایا گیا، 9 مئی میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچانے اور انہیں نشان عبرت بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج کی ملک کی خاطر دی گئی قربانیوں کو ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔