اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):انفارمیشن سروس گروپ کے زیر تربیت نوجوان افسران (پروبیشنرز) نے بدھ کو یہاں ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کا دورہ کیا جہاں انہیں قومی خبر رساں ادارے کے پیشہ وارانہ امور کار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔انفارمیشن سروس اکیڈمی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ارشد منیر کی قیادت میں پروبیشنرز کا دورہ 41 ویں خصوصی تربیت پروگرام کا حصہ تھا جس کا مقصد وزارت اطلاعات و نشریات کے مختلف اداروں اور ملحقہ محکموں کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا تھا۔اس موقع پر ”اے پی پی“ کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی نے مصدقہ اور مستند خبروں کی ترسیل کے ساتھ ساتھ قومی مفاد میں مثبت بیانیہ کی تشکیل میں اے پی پی کے کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ اے پی پی ایک متحرک خبر رساں ادارے کے طور پر فروغ پا رہا ہے جس میں ملٹی میڈیا نیوز، فوٹو اور ویڈیو سروسز سمیت ٹیکسٹ سروسز پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل وسوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو وسعت اور نمایاں اہمیت دی جارہی ہے۔قبل ازیں ایگزیکٹو ڈائریکٹر اے پی پی عدنان اکرم باجوہ نے اے پی پی کے امور کار کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی جس میں مختلف زبانوں میں نیوز آپریشنز، مقامی سطح پر نامہ نگاروں کے نیٹ ورک اور دیگر ممالک کے ساتھ ادارے کے خبروں کے تبادلے کے معاہدوں کے بارے بریفنگ شامل تھی۔پروبیشنرز نے سینٹرل نیوز ڈیسک، جنرل رپورٹنگ، فارن ڈیسک، اکنامک ڈیسک، مانیٹرنگ سیکشن، اردو نیوز سروس، ویڈیو نیوز سروس، سوشل میڈیا سیکشن، ڈیٹا سینٹر اور سٹوڈیوز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر نیوز اے پی پی شمائلہ عندلیب، ڈائریکٹر اردو نیوز سروس عبدالجبار زکریا، ڈائریکٹر ویڈیو نیوز سروس رب نواز باجوہ، ڈائریکٹر ٹریننگ کاشف رضوی اور ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی عدنان بخاری نے اپنے اپنے سیکشنز کے کام کے بارے میں بریفنگ دی۔