اسلام آباد۔:: (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9مئی کو ایک سال گزر گیا لیکن قوم اور پاکستان اپنے مجرموں کو نہ بھولے ہیں نہ بھولیں گے۔ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کی منازل طے کرنی ہیں، اپنی آنے والی نسلوں کو ایک روشن مستقبل دیناہے۔بدھ کو سوشل میڈیا ویب سائٹ” ایکس “پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ 9 مئی محض تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن نہیں، یہ ریاست پر سیاست قربان کرنے اور سیاست کے لئے ریاست پر حملہ کردینے والی دو سوچوں کو الگ الگ کردینے والا دن ہے۔ایک طرف وطن پر لہو نچھاور کرنے والے قوم کے عظیم بیٹے، ان کے عظیم اہل خانہ محب وطن عوام ہیں، دوسری طرف نفرت کی آگ میں سلگتے وہ کردار ہیں جن کے دل میں ریاستی مفادات کا کوئی درد ہے، نہ آنکھ میں قومی یادگاروں، ریاستی اداروں، آئین، قانون کے لئے کوئی عزت وشرافت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال گزر گیا لیکن قوم اور پاکستان اپنے مجرموں کو نہ بھولے ہیں نہ بھولیں گے۔ وعدہ ہے ارض پاک ،عظیم شہداء، اُن کے ورثا ءاور قوم سے ، 9 مئی پھر کبھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کی منازل طے کرنی ہیں، اپنی آنے والی نسلوں کو ایک روشن مستقبل دیناہے