ملتان۔: (نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےملتان کے کچہری چوک میں نادرا سنٹر کا اچانک دورہ کیا۔اے سی بند، ٹوکن کے حصول کے لئے 4 سے 5 گھنٹے انتظارسمیت شہریوں کی دیگر شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئےنادرا آفس کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان کردیا۔وزیر داخلہ صبح لاہور ،شام تک کوئٹہ اور رات کو ملتان پہنچ گئے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ملتان میں نادرا سنٹر کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے کچہری چوک کے نادرا سنٹر کو بہتر مقام پر منتقل کرنے کا حکم دیا۔شہریوں نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ب فارم بنانے آئے ہیں 4 گھنٹے ہو گئے ، آپ سے بہت امیدیں وابستہ ہیں،اللہ تعالیٰ وزیر داخلہ کو اپنی حفاظت میں رکھے، آپ نے پہلے بھی کام کرکے دکھایا ہے اور اب بھی کر رہے ہیں۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آپ کی دعائیں چاہئیں، انشاء اللہ سسٹم کو بہتر بنائیں گے، آپ کی آسانی کے لئے نادرا سنٹرز کے دورے کر رہا ہوں۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی ان کے ہمراہ تھے۔