اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی ):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ لون سکیم نوجوانوں کو کامیابی کی راہ پر گامزن کر رہی ہے ، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ای روزگار سینٹر ز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اقبال کے افکار کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر لون وزیراعظم یوتھ لون سکیم کا اہم حصہ ہیں، 84 ارب کے قرضہ جات صرف گزشتہ سال میں نوجوانوں میں تقسیم کئے جا چکے ہیں،وزیراعظم یوتھ لون سکیم نوجوانوں کو کامیابی کی راہ پر گامزن کر رہا ہے ، یوتھ لون سکیم کی کامیابی میں سٹیٹ بینک اور تمام پارٹنر بینکوں کا شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے قابل نوجوان مواقع ملنے پر ہماری امیدوں پر پورا اترتے ہیں، ای روزگار سینٹر ز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، ای روزگار سینٹر ز نوجوانوں کو روزگار کے حوالے سے گایئڈ کریں گے۔