اسلام آباد۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے روٹی کی قیمت 16 روپے اور نان کی قیمت 20 روپے مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن واپس لئے جانے کی بنیاد پر نان بائی ایسوسی ایشن کی درخواست نمٹا دی ۔ ضلعی انتظامیہ نے آٹے کے پیڑے کا وزن کم کر کے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق نان اور روٹی کی پرانی قیمتیں بحال رہیں گی جبکہ روٹی اور نان کا وزن 120 گرام کے بجائے 100 گرام کر دیا گیا ہے ۔پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کے نوٹیفکیشن کے خلاف نانبائی ایسوسی ایشن کے صدرسجاد احمد کی درخواست کی سماعت کی ۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا تھا جس میں 120 گرام نان کی قیمت 20 روپے اور 120 گرام روٹی کی قیمت 16 روپے مقرر کی گئی تھی ۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد عبد اللہ نے عدالت کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر کے بیان پر عدالت نے درخواست نمٹا دی ۔ ضلعی انتظامیہ نے روٹی کی قیمتوں کے حوالے سے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق روٹی کی قیمت 16 روپے اور نان کی قیمت 20 روپے برقرار رہے گی تاہم روٹی کا وزن 120 گرام سے کم کر کے 100 گرام کر دیا گیا ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ کے بیان پر عدالت نے نان بائی ایسوسی ایشن کی درخواست نمٹا دی ۔