اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار اینڈ فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین سے پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو نے ملاقا ت کی۔ وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین باہمی دلچسپی کے امور سمیت دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر پاکستان میں جاپان کے سفیر نے پاکستان میں جاپانی کار ساز اداروں کو درپیش چیلنجز بارے آگاہ کیا۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ جاپان پاکستان کا انتہائی قریبی دوست ہے، پاکستان جاپان کے ساتھ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جاپان پاکستان کی آٹو انڈسٹری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کو توقع ہے کہ مزید جاپانی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی، پاکستان جاپانی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے سہولت فراہم کرے گا۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صنعت اور زرعی ترقی کیلیے پختہ عزم کر رکھا ہے ، صنعت اور زراعت کی ترقی کیلئے سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔