اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، ایس آئی ایف سی کے ذریعے سعودی سرمایہ کاروں کو رکاوٹوں سے پاک کاروبار دوست ماحول فراہم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی وفد کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہیں، سعودی عرب کے وزیراعظم اور ولی عہد کے ساتھ ملاقات کے دوران ان کے رویے سے حوصلہ افزائی ہوئی، سعودی عرب میں وژنری قیادت ہے، سعودی عرب کے ولی عہد کی سعودی عرب کو جدید بنانے کی پالیسیوں کا معترف ہوں۔انہوں نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان سعودی عرب کیلئے شاندار خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سعودی عرب کی ترقی کو سراہتے ہیں،سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر ان کے شکرگزار ہیں، سعودی عرب سات دہائیوں سے پاکستان کا ساتھ دے رہا ہے، ان کی فراخدلی کو سراہنے کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ہر سطح پر پاکستان کی مدد کرنا چاہتے ہیں، سعودی عرب کے سرمایہ کار ایس آئی ایف سی کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بہترین فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ملازمتوں کے مواقع کے حوالہ سے اہم ممالک میں شامل ہے، سعودی عرب کی معیشت تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کے ہم قدم ہے، سعودی کمپنیاں پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں، ہمیں بھی اس حوالہ سے تیاری کرنا ہو گی، سعودی وفد کے دورہ پاکستان سے تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گا، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان کے سیاحتی مقامات بہت خوبصورت ہیں۔اس موقع پر سعودی عرب کے معاون وزیر ابراہیم المبارک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی شراکت اہمیت کی حامل ہے، سعودی قیادت کی ہدایت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، پاکستان سعودی عرب کا سٹریٹجک دوست اور شراکت دار ہے، سعودی عرب کے نجی شعبہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ عشائیہ میں سعودی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد نے شرکت کی۔ عشائیہ میں وفاقی وزارء سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے اپنی تقریر کا آغاز عربی میں کیا جسے شرکاء نے بھرپور انداز میں سراہا۔