لاہور۔(اسپورٹس ڈیسک ):قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ سمیت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے قذافی سٹیڈیم پہنچ گئے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملاقات کی ۔چیئرمین پی سی بی 2 گھنٹے تک کھلاڑیوں کے ساتھ رہے ۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز سے گفتگو کی اور کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کی حکمت عملی پر تفصیلی بات چیت کی ۔انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے پر ہر کھلاڑی کے لئے ایک لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جیت کے سامنے اس انعام کی کوئی حیثیت نہیں، امید ہے کہ آپ اس بار سبز ہلالی پرچم بلند کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کسی دبائو کے بغیر کھیلیں،بھرپور مقابلہ کریں اور میدان میں مقابلہ ہوتا نظر آنا چاہیے، جیت آپ کے لئے اور ہار میرے لئے ہو گی۔محسن نقوی نے کہا کہ کسی کی پرواہ نہ کریں صرف پاکستان کے لئے کھیلیں،میدان میں ٹیم ورک کا مظاہرہ کریں، انشاءاللہ فتح قدم چومے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی متحد ہیں، شاہین شاہ آفریدی ورلڈ کپ میں بھرپور پرفارمنس دیں گے،قوم کو آپ سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں، آپ نے ان توقعات پرپورا اترنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو سکولز سے یونیورسٹیز کی سطح پر فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 3000رنز مکمل کرنے اورنسیم شاہ کو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 100وکٹیں لینے پر خصوصی گرین شرٹس دیںچیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔سلیکٹرز وہاب ریاض، محمد یوسف، کپتان بابر اعظم ، اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود اور انٹرنیشنل کرکٹ کے ڈائریکٹر عثمان واہلہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں ظہرانہ بھی دیا۔