لاہور: (نمائندہ خصوصی )وزیر اعلی پنجاب مریم نوازنے جمنیزیم میں پہلی چیف منسٹر پنک گیمزکی اختتامی تقریب میں شرکت کی اورلاہورکالج فارویمن یونیورسٹی کی ٹیم کو ٹرافی پیش کی۔وزیر اعلی مریم نواز نے کامیاب ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔جیتنے والی ٹیموں کو کیش پرائز چیک بھی دیئے گئے۔اتھلیٹکس اورباسکٹ بال کے مقابلے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی ٹیموں کے جیتنے پروزیر اعلی مریم نواز نے اظہار مسرت کیا۔پنجاب یونیورسٹی ٹیم تیر اندازی،بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور کرکٹ کی فاتح رہی جبکہ سپیئریر یونیورسٹی لاہور کی ٹیم کو ہاکی کا فائنل جیتنے پروزیر اعلی نے مبارکباددی۔وزیر اعلی پنک گیمز میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو بھی انعامات دیئے گئے۔وزیراعلی کی تقریب میں آمد پرپلیئرز نے خیر مقدمی نعرے لگا کر استقبال کیا۔وزیر اعلی نے ہاتھ ہلاکر کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں سلام کیا۔وزیر اعلی مریم نواز کھلاڑیوں کے پاس پہنچ کر گھل مل گئیں۔وزیر اعلی نے ننھی بچی کا ہاتھ پکڑ کر ساتھ بیٹھا لیا۔وزیر اعلی نے کھلاڑیوں کے ساتھ فوٹو بھی بنوائے۔ مریم نوازنے ننھی پلیئرکو ہاتھ پکڑ کراپنے ساتھ بیٹھا لیااورپھول پیش کرنیو الی کمسن پلیئر کو سٹیج پر بلا کر گلے لگا لیا۔ننھی بچی خوشی سے آنسو ئوں پر قابو نہ رکھ سکی۔وزیر اعلی نے پہلی چیف منسٹر پنک گیمز 2024کے مقابلوں کی ویڈیو جھلکیاں دیکھیں۔سپورٹس منسٹر فیصل ایوب کھوکھر نے اپنے خطاب میں وزیر اعلی کا شکریہ ادا کیا۔ٹورنامنٹ کی ونر پلیئر امتل الرحمان نے اپنے خطاب میں وزیر اعلی مریم نواز کی سپورٹس کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔بعدازاں وزیر اعلی نے پنک گیمز کی اختتامی تقریب میں پلیئرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی لو یو، مجھے آپ پر فخر ہے،آپ کو کھیلتے دیکھا،نہایت پروفیشنل طریقہ میں کھیل رہے تھے،کھلاڑیوں سے مجھے اتنا پیار ملا جتنا اتنا سوچ نہیں سکتی،آپکا ٹیلنٹ دیکھ کر خوش ہوں،مجھے یقین ہے کہ یہ سب بیٹیاں دنیا پر راج کریں گی ۔انہوں نے کہا کہ میری بیٹیو میں آپکے ساتھ کھڑی ہوں ،وزیر کھیل کو کہا ہے کہ پنک گیمز کو پورے پنجاب میں پھیلائیں ۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں کے لئے جم، گرائونڈ اوردیگرسہولتیں دیں گے،میں یہ بھی بتا دوں کہ بیٹیوں کے لیے فری موٹر بائیکس سکیم لارہے ہیں،مجھے بچیوں کی طرف سے بتایاگیا ہے کہ گھر والے بائیک چلانے نہیں دیتے، میں درخواست کرتی ہوں کہ والدین بیٹیوں پر اعتماد کریں، ۔وزیراعلی نے اعلان کیا کہ اب ہم پنک گیمز کے بعد پنجاب لیگ لا رہے ہیں جس میں دس لاکھ کھلاڑی حصہ لیں گے،پنجاب لیگ کو صوبہ بھر میں لے جائیں گے،میں بچیوں کو کہتی ہوں کہ جیسے آپ نے اپنے والدین ، ملک کا اور میرا نام روشن کیا، آپ ایسے ہی چلتے رہو،آگے بڑھتے رہو ۔ انہوں نے کہا کہ پنک گیمز میں شامل کھلاڑیوں کو میرے دستخط والی پانی کی بوتلیں دیں گے تا کہ آپ کو یاد رہے کہ آگے بڑھنا ہے، رکنا نہیں ،خوش رہو، آباد رہو، آپ سب کا شکریہ۔ علاوہ ازیں سینیٹر پرویز رشید، صوبائی وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری،ایم این اے افضل کھوکھر،ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، سیکرٹری اطلاعات احمد عزیز تاڑر،سیکرٹری سپورٹس مظفرسیال اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔