مکہ۔: (نمائندہ خصوصی ):سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے رواں سال باقاعدہ عازمین حج کو یہ سہولت فراہم کی ہے کہ وہ ”نسک ” سمارٹ کارڈ کے ذریعے حج کمپنیوں، کمپینز، ہوٹلوں اور متعلقہ خدمات فراہم کرنے والوں کے معیار پر اپنی رائے دیں۔ عازمین اس کارڈ کے پرنٹ اور ڈیجیٹل ورژن پر دستیاب دیگر فیچرز کے ساتھ ساتھ اس کے ذریعے اپنی شکایات اور مشاہدات کا اندراج بھی کر سکتے ہیں۔سعودی وزارت حج و عمرہ کی طرف سے یہ اعلان کیا گیا ہے کہ مملکت کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق فوزان الربیعہ کے دورہ انڈونیشیا کے دوران متعارف کرایا گیا ”نسک”کارڈ عازمین کی معاونت کے لئے مختلف فیچرز پیش کرتا ہے۔یہ فیچر عازمین کی نقل و حرکت کو آسان اور باسہولت بناتے ہیں اور ان کو عازمین حج کی گروپنگ سے متعلق معلومات سمی اہم الرٹ فراہم کرتے ہیں۔سعودی وزارت حج و عمرہ نے ایکس اور فیس بک پر ایک پوسٹ میں واضح کیا کہ کسی بھی مسلمان کے فریضہ حج کی ادائیگی کے سفر کا آغاز حج ویزہ کے حصول، عازمین سے متعلق ضوابط کی پاسداری اور تمام ضروری خدمات اور سہولیات تک رسائی کو یقینی بنانے سے ہوتا ہے۔رواں سال سعودی وزارت حج و عمرہ نے عازمین کے لئے سہولتوں میں اضافہ کرنے کی غرض سے سمارٹ کارڈ متعارف کرائے ہیں۔ متعلقہ حکام کی معاونت اور تعاون سے تیار کردہ یہ کارڈ صحت کی سہولیات تک رسائی، انتظامیہ کے لئے عازمین کی شناخت کی تصدیق اور انہیں آن لائن معاونت کے حصول کا اہل بنا کر ان کو مناسک حج کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔