۔پشاور: (نمائندہ خصوصی )گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کی سیاسی قیادت کے پاس خود چل کر جانے کا اعلان کردیا۔پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا کی حلف برداری تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں صوبہ ترقی کرے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی اور مالی بحران بھی ہے، اس بحران کو ختم کریں گے۔فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ صوبے کی سیاسی جماعتوں کے صوبائی سربراہان کو فون کیا، سیاسی قیادت کے پاس خود چل کر جاؤں گا۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن بھی لائیں گے اور مالی بحران بھی ختم کریں گے، ہم مل کر صوبے کا مقدمہ مرکز میں لڑیں گے۔گورنر خیبر پختونخوا نے یہ بھی کہا کہ صوبائی حکومت کو دعوت دیتا ہوں آئیں مل کر مرکز سے اپنے حقوق مانگیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کو دعوت دیتا ہوں آئیں مل کر صوبے کا مقدمہ لڑیں، صوبائی حکومت کو یقین دلاتا ہوں آپ کا وکیل بن وفاق میں مقدمہ لڑوں گا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایک دوسرے کا گریبان پکڑ کر نہیں مل جل کر مسائل کا حل نکالیں گے، ہم نے صوبے کی ترجیحات کو دیکھنا ہے سیاسی مخالفت کو نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کا بیان کچھ دن پہلے کا ہے میں آج آیا ہوں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مفاہمت اور مذاکرات کی بات کی ہے۔گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ سابق فاٹا کے عوام سے جو وعدے کیے، ان کی ترقی کےلیے کام کریں گے۔