لاہور(اسپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان سپر لیگ کی چھ فرنچائزز کا ہفتہ کویہاں جنرل کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2024 کا تفصیلی جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ سپر لیگ 2025 کی منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے لیے فرنچائزز کے کردار کی تعریف کی جن کی حمایت ، دلچسپی اور جذبے نے اس لیگ کی ساکھ کو اجاگر کرنے اور اسے چیلنجنگ مسابقتی و دلچسپ ایونٹ کے طور پر اپنی پہچان کرانے کے ضمن میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اجلاس میں فرنچائز مالکان نے17 فروری سے 18 مارچ 2024 تک منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد پر پی سی بی کو مبارکباد دی۔ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 2025 کے سلسلے میں مزید بات چیت کیلئے تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 2025 کو مزید پرجوش اور مسابقتی بنانے کے ساتھ ساتھ مداحوں کی تعداد بڑھانے کے مقصد سے ایونٹ کی پلیئنگ کنڈیشنز میں کچھ تبدیلیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کی طرح ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2025 کے لیے ونڈو پر فرنچائز مالکان کے ساتھ ہماری سیرحاصل گفتگو ہوئی ہے۔اس موقع پر فرنچائز مالکان نے پی سی بی کی تجویز کردہ ونڈو اور پلے آف مقامات بارے اپنی تجاویز اور آرا دیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی کا کہنا تھا کہ میں فرنچائز مالکان کی جانب سے تمام سٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کرتاہوں اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے ان کے عزم کی تعریف کرتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں بات چیت جاری رکھنے اور اپنے آپشنز تلاش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اجتماعی طور پر اہم مقاصد حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کمشنر نائیلہ بھٹی کو ان کے رول ، ویژن اور قیادت کیلئے مبارکباد پیش کرتاہوں جنہوں نے لیگ کو درست سمت میں آگے بڑھنے میں مدد فراہم کی ۔