راولپنڈی: (نمائندہ خصوصی ):سیکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان میں3 اور4 مئی کی درمیانی شب خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن (آئی بی او) کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد6 دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کے ٹھکانے کا سراغ لگا لیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشن کے دوران پاک فوج اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلا ف دہشت گردی کی متعدد سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ علاقے میں معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔