کراچی (کرائم رپورٹر)
24 جولائی کو ہونے والے لوکل گورنمنٹ کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کی سیکورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل کی زیر صدارت اجلاس ڈی ائی جی ساؤتھ آفس میں منعقد ہوا۔ڈی آئی جی ساؤتھ نے ساؤتھ زون کے افسران کو ہدایات جاری کی کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ کوڈ آف کنڈکٹ پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ متعلقہ ضلعی اداروں کے ساتھ ساتھ آپس میں بھی مضبوط روابط رکھیں جائیں۔ سیکورٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ضلعی اداروں کی مدد سے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں۔
اسلحہ کی نمائش کی اجازت ہرگز نہیں ہو گی۔ نمائش کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ڈی آئی جی ساؤتھ نے ایس ایس پیز کو ہدایات جاری کی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کے ساتھ رابطے میں رہیں۔ کارنر میٹنگز کی سیکورٹی کو یقینی بنائیں ۔ حساس مقامات ہر کمبنگ آپریشنز کریں ۔ڈی آئی جی ساؤتھ نے ساؤتھ زون میں پولیس کی جانب سے کنٹرول روم قائم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ افسران کو ہدایت دی گئی کہ الیکشن کے دوران موثر پیٹرولنگ پلان ترتیب دیں فلیگ مارچ اور اسنیپ چیکنگ کریں۔
دوران میٹنگ کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موک ایکسرسائز کرانے اور ریسپانس ٹائم چیک کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ۔
ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے کہا کہ الیکشن کے دوران کسی کو بھی امن وامان کی صورتحال کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے اور تخریبی عناصر کو قانون کے شکنجے میں لائیں گے۔ساؤتھ زون کے تمام ایس ایس پیز اور ڈویژنل ایس پیز نے میٹنگ میں شرکت کی۔