بنجول (مانیٹرنگ ڈیسک )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور گیمبیا کے درمیان خوشگوار دوطرفہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک دوطرفہ سیاسی و اقتصادی امور اور کثیرالجہتی فورم پر تعاون جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں او آئی سی کے 15 ویں سربراہ اجلاس کے موقع پر جمہوریہ گیمبیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر مامادو تنگارا سے ملاقات کے دوران کیا۔نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور گیمبیا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت سے متعلق مفاہمت کی یادداشت باہمی طور پر مفید تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے دونوں وزارت خارجہ کے درمیان باقاعدہ بات چیت اور مشغولیت کے لیے ایک فورم فراہم کرے گی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مذہبی وابستگی، باہمی اعتماد اور مشترکہ اقدار پر مبنی گہرے تعلقات کو سراہا۔محمد اسحاق ڈار نے گیمبیا کی حکومت کو 15ویں او آئی سی اسلامی سربراہی اجلاس کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور گیمبیا کے تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران تجارت، زراعت، تعلیم اور سیاحت جیسے مختلف شعبوں میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات اور تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت کثیرالجہتی فورمز میں دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ قبل ازیں نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار اور گیمبیا کے خارجہ ڈاکٹر مامادو تنگارا نے دو طرفہ سیاسی مشاورت سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پردستخط بھی کئے۔