اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے چاند پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ بھجوانے پر قوم اور سائنسدانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری میدان کی طرح اس میدان میں بھی ہمارے سائنسدان، انجینئرز اور ہنرمند اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں ، اس اہم کامیابی سے پاکستان خلا کے با مقصد استعمال کے نئے دور میں داخل ہو گیا ہے اور سیٹلائٹ کمیونیکیشن کے شعبے میں پاکستان کی صلاحیت میں اضافہ ہو گا۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ’’آئی کیوب قمر‘‘ سیٹلائٹ خلا میں پاکستان کا پہلا قدم ہے، جوہری میدان کی طرح اس میدان میں بھی ہمارے سائنسدان، انجینئرز اور ہنرمند اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کی کور کمیٹی ، اس کے رکن ڈاکٹر خرم خورشید، سپارکو سمیت تمام ٹیم خاص طور پر پراجیکٹ میں حصہ لینے والے طالب علموں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی پاک چین دوستی خوشبو ں کی سرحد سے آگے نکل کر آج خلائوں کی سرحد بھی پار کرچکی ہے، 8 ممالک میں سے صرف پاکستان کے منصوبے کو قبول کیاجانا ہمارے سائنسدانوں اور ماہرین کی قابلیت کا اعتراف ہے ، یہ تکنیکی ترقی کے سفر کا بہت تاریخی لمحہ ہے، اس اہم کامیابی سے پاکستان خلا کے با مقصد استعمال کے نئے دور میں داخل ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی سیٹلائٹ کمیونیکیشن کے شعبے میں پاکستان کی صلاحیتوں کو بڑھائے گی، سائنسی تحقیق، اقتصادی ترقی اور قومی سلامتی کے لئے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے بیٹوں نے ثابت کیا کہ وہ خلائوں کو بھی تسخیر کرنے کی صلاحیت، جذبہ اور مہارت رکھتے ہیں ، اللہ تعالی نے چاہا تو 28 مئی 1998 ء کی طرح خلائوں اور معاشی اوج کمال کو بھی پہنچیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مواصلاتی ڈھانچے میں خود مختاری کے اس خواب کی مکمل تعبیر سے پاکستان بھی اس شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرنے والے ممالک میں شمار ہو گا، پاکستان کی سائنس وٹیکنالوجی، جدید علوم اور ہنرمندی میں ترقی وقت اور ملک کی ضرورت ہے ، پوری کوشش اور توجہ ہے کہ اپنی نوجوان نسل کو جدید علوم وفنون، سائنس وٹیکنالوجی میں آگے لے کر جائیں تاکہ پاکستان ایجادات کی دنیا میں بھی سب سے آگے ہو۔