کراچی۔ : (نمائندہ خصوصی )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مزدوروں کے حقوق و بہبود کے حوالے سے سندھ اسمبلی نے جتنی قانون سازی کی ہے، اس کا مقابلہ کوئی دوسرا صوبہ نہیں کرسکتا،پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشتیں،کاروبار اور ادارے محنت کشوں کے خون پسینے کی محنت سے چلتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم مزدور کے موقع پر پیپلز لیبر بیورو کی جانب سے کراچی آرٹس کونسل میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا فلسفہ سادہ ہے کہ مزدور کو اس کا حق ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں کو نہ صرف یونین سازی کا حق دیا،بلکہ ان کی بہبود کے لیے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) جیسے ادارے
قائم کیے۔انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کو جب حکومت ملی، تو انہوں نے بطور وزیراعظم پہلا حکم یہ دیا تھا کہ آمریت کے دوران سیاسی بنیادوں پر جیلوں میں قید کیے گئے مزدوروں کے نمائندوں کو رہا کیا جائے۔بینظیر بھٹو نے مزدوروں کی جدوجہد کو آگے بڑھایا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے پہلے دورِ صدارت کے دوران آئین سے تمام مزدور دشمن شقوں کو نکال دیا گیا، تنخواہوں اور پینشنز میں اضافہ کیا گیا۔پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے بینظیر مزدور کارڈ متعارف کرایا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں قائم پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومتیں آنے والی بجٹ میں تنخواہوں میں اضافہ کریں گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کی جماعت کی ذیلی تنظیم، پیپلز لیبر بیورو، کو مزید فعال ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں لیبر بیورو کو متحرک کرنے کے لیے سینیٹ کے سابق چیئرمین میاں رضا ربانی کو ذمیداری دی ہے۔