اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )نیدرلینڈز کے سفارت خانے نے ڈچ بادشاہ ولیم الیگزینڈر کی سالگرہ کے سلسلے میں خصوصی استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی اور نیدرلینڈز کی سفیر ہینی ڈی وریس کے ہمراہ بادشاہ کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔یہ تقریب نہ صرف بادشاہ کی سالگرہ کی پر وقار تقریب بلکہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان پائیدار تعلقات کو مضبوط کرنے کا ایک موقع بھی تھی۔ اس موقع پر سفیر ہینی ڈی وریس نے کہا کہ آج، جب ہم کنگز ڈے پر کنگ ولیم الیگزینڈر کی سالگرہ منانے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں، تو ہم نیدرلینڈز اور پاکستان کے درمیان پائیدار شراکت داری اور دوستی پر زور دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ پچھلے ایک سال کے دوران، سفارت خانے نے پاکستان میں شراکت داروں کے ساتھ مل کرانسانی حقوق، پانی کے انتظام اور موسمیاتی اقدامات سمیت مختلف شعبوں پر محیط کامیاب منصوبوں اور تقریبات کو مربوط کیا ہے۔یہ کوششیں عالمی چیلنجوں سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم پر زور دیتی ہیں۔دونوں ممالک کے ثقافتی تنوع اور فنکارانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے اس تقریب میں دو ڈچ فنکاروں نے باصلاحیت پاکستانی مقامی موسیقاروں کے ساتھ مل کر ایک دلکش پرفارمنس پیش کی۔دونوں نے مل کر قومی ترانے اور روایتی گانوں کا امتزاج بجایا، جو دونوں ثقافتوں کے درمیان اتحاد اور مشترکہ اقدار کی علامت ہے۔ تقریب میں اعلیٰ سرکاری حکام، سول سوسائٹی کی نمایاں شخصیات، سفارتی برادری کے ارکان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مہمان شامل تھے