جے پور:(مانیٹرنگ ڈیسک )بھارتی ریاست راجستھان کے شہر اجمیر میں تین نقاب پوش شرپسندوں نے مسجد کے مولانا کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیا جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جارتی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شہر کے علاقے کنچن نگر خان پورہ میں واقع مسجد کے مولانا کو نامعلوم شرپسندوں نے ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ مولانا 2 دن پہلے ہی مسجد پہنچے تھے۔ وہ مسجد میں ہی بچوں کے ساتھ سو رہے تھے۔ فی الحال قتل کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ معاملے کی اطلاع ملتے ہی رام گنج تھانہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ علاقے کے مکینوں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے پولیس ے مجرموں کو گرفتارکرکے انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔مقامی رہائشی حاجی محمد شریف عباسی نے بتایا کہ علاقے میں واقع محمدی مدینہ مسجد کے مولانا محمد ماہر دو روز قبل اجمیر آئے تھے۔ ان کے ساتھ چھ بچے بھی تھے جنہیں وہ پڑھاتے تھے۔ جمعہ کی سہ پہر تقریبا 3.30بجے تین نقاب پوش شرپسند پچھلے دروازے سے مسجد میں داخل ہوئے۔شرپسندوں نے بچوں کو ڈرا دھمکا کر باہر نکال دیا اوراس کے بعد مولانا محمد ماہر کا لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ جب تک علاقہ مکین موقع پر پہنچے تب تک تینوں مجرم موقع سے فرار ہو چکے تھے۔پولیس کو قریب ہی جھاڑیوں میں دو لاٹھیاں ملی ہیں۔ ڈاگ اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مولانا محمد ماہر دو ماہ قبل ہی مسجد کے مولانا مقرر ہوئے تھے۔ پولیس نے بتایاکہ مولانا کو کیوں اورکس نے قتل کیا ؟ یہ معلوم کرنے کے لئے تحقیقات جاری ہے۔