ابوظہبی۔(نیوزڈیسک ):متحدہ عرب امارات میں ابوظہبی ایئرپورٹس کے نیٹ ورک کے ذریعے رواں برس جنوری سے مارچ تک 6.9 ملین سے زائد مسافروں کی آمدورفت ریکارڈ کی گئی ہے ابوظہبی ایئرپورٹس جو امارات کے پانچ ایئرپورٹس کی آپریٹر ہے نے 2024 کے پہلے تین ماہ کے اعداد وشمار جاری کر دیئے، 2024 کی پہلی سہ ماہی میں پروازوں کی آمدورفت میں مثبت اضافہ دیکھا گیا۔ 61 ہزار737 پروازیں ریکارڈ کی گئیں جو 2023 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 11.4 فیصد زیادہ ہیں۔اس دوران صرف ابوظہبی ایئرپورٹ نے 6.8 ملین سے زیادہ مسافروں کا خیرمقدم کیا۔واضح رہے 2024 کے پہلے تین ماہ میں ابوظہبی ایئرپورٹ نے ترکمانستان ایئرلائنز کی واپسی اور ہینان ایئرلائنز کے حائکو، چین کے لیے آپریشن کے آغاز کے ساتھ ایئرلائن کے ڈیٹا بیس کو وسعت دی ہے جس سے شیڈول آپریٹرز کی تعداد 29 تک پہنچ گئی۔ابوظہبی ایئرپورٹس کی منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلینا سورلینی نے کہا کہ یہ اعداد و شمار ایئرپورٹس کی مسلسل کامیابی کو ظاہر کرتے ہیں جو دنیا بھر سے بڑھتی ہوئی تعداد میں ایئرلائنز اور مسافروں کو اپنی طرف متوجہ کر رہے ہیں۔مسافروں کی تعداد میں اضافے کے علاوہ 2024 کی پہلی سہ ماہی میں کارگو ٹریفک میں بھی نمایاں توسیع دیکھنے میں آئی ہے۔ ائیر پورٹس پر162,000 ٹن ایئرکارگو کی ہینڈلنگ کی گئی۔یہ 2023 کےاسی عرصے میں 25.6 فیصد زیادہ ہے۔ یہ کارکردگی عالمی تجارت اور کاروبار میں امارات کے کردار کو اجاگر کرتی ہے۔