اسلام آباد/استنبول:(نمائندہ خصوصی )سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام لوگ اور سیاسی جماعتیں فلسطین کے منصفانہ کاز کی حمایت کرتی ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے استنبول میں فلسطین کے حوالے سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تین روزہ کانفرنس کاافتتاح ترکیہ کے صدررجب طیب اردگان نے کیا جس میں 80 ممالک کے ارکان پارلیمنٹ اور سیاسی رہنما شرکت کر رہے ہیں۔ مشاہد حسین، جو کہ 12 رکنی ایگزیکٹو بورڈ آف پارلیمنٹرینز فار فلسطین اینڈ القدس کے رکن بھی ہیں، نے مزید کہا کہ پاکستان کے تمام لوگ اور سیاسی جماعتیں فلسطین کے منصفانہ کاز کی حمایت کرتی ہیںکیونکہ فلسطین کے بارے میں پاکستان کی پالیسی سب سے پہلے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی آزادی سے پہلے ہی واضح کی تھی۔ اسرائیل کی طرف سے غزہ کی نسل کشی کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے اسے جدید تاریخ میں پہلی براہ راست ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی نسل کشی قرار دیا۔مشاہد حسین نے مشاہد نے فوری جنگ بندی اور یروشلم کے دارالحکومت کے طور پر ایک آزاد فلسطین کے قیام کے لیے اقدامات پر زور دیا۔ کانفرنس میں شرکت کرنے والے پاکستان کے پارلیمانی وفد میں سینیٹر مشتاق احمد، ایم این ایز شہریار مہر، چوہدری شہباز اور جنید اکبر شامل ہیں۔ پاکستانی وفد نے صدر اردگان اور ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر نعمان قرطولموس سے بھی ملاقات کی۔