لاہور (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے لئے روانہ ہو گئے۔ہفتہ کو وزیر اعظم کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف 28 سے 29 اپریل 2024 تک منعقد ہونے والے عالمی تعاون، ترقی اور توانائی کے بارے میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے،اس دورے کی دعوت ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود اور وزیراعظم سعودی عرب اور پروفیسر کلاؤس شواب، عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین نے دی تھی۔وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا،وزیر اعظم اور وزراء تجارت اور سرمایہ کاری کے اقدامات، سرمایہ کاری کے نئے فریم ورک، سپلائی چین کی تنظیم نو، پائیدار ترقی، اور توانائی کے منظر نامے سے متعلق مسائل پر ڈبلیو ایم ایف کی بات چیت میں شرکت کریں گے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق فورم میں اعلیٰ سطح کی شرکت خاص طور پر عالمی صحت کے ڈھانچے میں پاکستان کی ترجیحات، جامع ترقی، علاقائی تعاون کو زندہ کرنے اور ترقی اور توانائی کی کھپت کو فروغ دینے کے درمیان توازن قائم کرنے کی ضرورت کو پیش کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گی،تقریب کی سائڈ لائن پر وزیراعظم اور ان کا وفد عالمی رہنماؤں جن میں سعودی قیادت، بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور تقریب میں شریک دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔