اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات نوابزادہ شازین بگٹی نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کو انسدادِ منشیات اور سمگلنگ کی روک تھام کےلئے مختلف ٹیکنالوجیز اور گاڑیاں فراہم کرےگا،منشیات کی سمگلنگ کو روکنے کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی سے بھی مدد لی جائے گی جس کےلئے مقامی کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے۔ وفاقی وزیر نے یہ بات جمعرات کو امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ ٹوڈ ڈی روبنسن اورپاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ ملاقات میں انسدادِ منشیات کے حوالے سے باہمی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔وفاقی وزیر نے امریکا کی جانب سے انسداد منشیات کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کو انسدادِ منشیات اور سمگلنگ کی روک تھام کےلئے مختلف ٹیکنالوجیز اور گاڑیاں فراہم کرےگا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ کو روکنے کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی سے بھی مدد لی جائےگی جس کےلئے مقامی کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے۔