کراچی(نمائیندہ خصوصی) ایمپلائزویلفیئر ایسوسی ایشن اور تمام اپوزیشن گروپس کا مشترکہ جنرل باڈی کا اجلاس بروزجمعہ 26 اپریل 2024 ء کو چائنیز ٹیچرزمیموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں زیر صدارت صدرایمپلائزویلفیئر ایسوسی ایشن عرفان خان منعقد ہوا۔اس موقع پرنیوٹرل گروپ کے شکیل گبول اورکاظم جاویدجبکہ مورگروپ کے انوراقبال،ظفرخان اور انصاف پسندگروپ کے صدرافتخاراحمد،جنرل ورکرزاتحاد کے راناسلیم اورنصیر احمد موجود تھے۔اجلاس میں پانچ سوسے زائد ملازمین نے شرکت کرکے اپنی بھر پوریکجہتی اور متحد ہونے کاثبوت دیا ایمپلائزویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹر ی محمد شاہد نے شرکاء کو بتایا کہ انتظامیہ سے تواترکے ساتھ ملاقاتوں اور گفت وشنید کے باوجود ہمارے جائز مطالبات پر عملدرآمد نہیں کیاجارہاہے۔ چارماہ کے بقایات جات جس کے لئے ایچ ای سی جامعہ کراچی کو فنڈز فراہم کرچکی ہے لیکن جامعہ تاحال ملازمین کو یہ بقایات دینے سے قاصر ہے۔اس موقع پرنیوٹرل گروپ کے شکیل گبول نے کہا کہ جامعہ اس وقت بدترین مالی بحران سے دوچارہے جس کی وجہ انتظامیہ کی عدم توجہی ہے۔ضرورت اس امرکی ہے کہ آج ہم اس اجلاس میں یہ فیصلہ کرکے اُٹھیں کہ ہمیں اپنے جائز حقو ق کے حصول کے لئے کس طرح آگے بڑھناہے۔آج ملازمین کی اتنی کثیر تعداد اور ان کو جوش وولولہ دیکھ کر لگتاہے کہ ہم سب متحد ہیں۔انصاف پسند کے صدر افتخار احمد نے کہا کے آپ سب حلف اٹھا کر بتائیں کے ہم پیر سے قلم چھوڑ شروع کریں گے تو سب ساتھ ہوں گے جس پر تمام حاضرین نے یک آواز میں تائید کی اور قرارداد کی صورت میں اس تجویز کو متفقہ طور منظورکرلیاگیا۔ اس کے بعد صدر ایسوسی ایشن نے بھرپور تالیوں میں اعلان کیا کہ پیر29 اپریل2024 ء سے تدریسی، امتحانی اور انتظامی امور کا بائیکاٹ کیا جائے گا اور تمام ملازمین صبح دس بجے اپنے حلف کی پاسداری کو یقینی بناتے ہوئے ایڈمن بلاک میں جمع ہو کر اپنے اتحاد کا مظاہرہ کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ جب تک لیو انکیشمنٹ، چار ماہ کے ائیریرز، میرین بائیولوجی کے ملازمین کی تنخواہوں کی بحالی، چھ سو سے زائد ملازمین کے چار سال سے تعطل کی شکار ترقیاں،بچوں کی فیس کی سالانہ رقم، ایوننگ کے بلز، میڈیکل بلز (جو ماضی میں تواترکے ساتھ ملتے تھے) کی ادائیگی نہیں ہوجاتی اس وقت تک قلم چھوڑ احتجاج و ہڑتال جاری رہے گا۔ اس کے بعد ملازمین آڈیٹوریم سے نکل کر ایڈمن بلاک میں جمع ہوئے اور مطالبات کے حق میں نعرے بلند کئے۔واضح رہے کہ اس سے قبل ایمپلائزویلفیئر ایسوسی ایشن ماہ رمضان المبارک میں ملازمین جامعہ کے مطالبات کی عدم منظوری کی بناء پر دوروزیوم سیاہ بھی مناچکی ہے۔علاوہ ازیں رمضان المبارک میں دوگھنٹے قلم چھوڑ احتجاج سے اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے ملازمین کا احتجاج ریکارڈکراتے رہے۔