کراچی (بیورو رپورٹ)
پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز لوٹوں کو خرید کر چور دروازے سے حکومت میں آیا۔اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے حمزہ شہباز کا انتخاب کالعدم قرار دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کا انتخاب پہلے ہی غیر آئینی اور غیر قانونی تھا، ہمارا موقف پہلے دن سے ہی تھا کہ حمزہ شہباز کا انتخاب غیر آئینی ہے۔علی زیدی نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے کو جان بوجھ کر آئینی بحران کا شکار بنایا گیا، سازش کے تحت پنجاب کو غیر آئینی اقدامات کے ذریعے مفلوج کرنے کی کوشش کی گئی۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے کو بحرانوں کا شکار بنانا پاکستان کے خلاف سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز لوٹوں کو خرید کر چور دروازے سے حکومت میں آیا، پنجاب میں حکومت کی تبدیلی بھی ریجیم چینج کا حصہ تھی۔علی زیدی نے کہا کہ ن لیگ نے پنجاب کو سیاسی اکھاڑا بنا کر ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، سازشی ٹولے نے پی ٹی آئی کی جمہوری حکومت کو ڈی ریل کیا اور ماضی میں دست و گریباں پارٹیوں نے مل کر پنجاب میں بندر بانٹ کی۔انہوںنے کہا کہ گورنر پنجاب کا انتخاب بھی کالعدم قرار دیا جانا چاہیے، عدالتی احکامات کے باوجود الیکشن کمیشن 5 ریزرو سیٹوں کا نوٹیفکیشن نہیں نکال رہا۔علی زیدی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نوٹیفکیشن جاری نہ کر کے توہین عدالت کا مرتکب ہورہا ہے، پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ اور اسکے اتحادیوں کو اپنی حیثیت کا اندازہ ہوجائے گا۔سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ عمران خان کی جدو جہد سے بیرونی سازشوں کے آلائے کاروں سے جلد چھٹکارا حاصل کریں گے۔