اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا ڈی چوک کا دھرنا دو ججوں نے ریورس کرایا۔ایک انٹرویو میں فیصل واوڈا نے کہا کہ اُن دو ججوں نے بانی پی ٹی آئی سے رابطہ کیا اور گارنٹی دی تھی کہ دھرنا ریورس کرلیں، آپ کی باتیں مان لی جائیں گی۔فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے چار لوگوں کو یہ بات بتائی تھی اگر عدالت نے انہیں بلایا تو وہ مزید تفصیل بتانے کے لیے تیار ہیں۔قبل ازیں سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہوگا کہ ہم قانون بنائیں اور آپ اپنی مرضی کی تشریح کرلیں، ہمارے بنائے ہوئے قانون کو ہمارے ہی خلاف استعمال کیا جاتا ہے، اس ایوان میں اپنے پیٹی بھائیوں کا دفاع کریں گے۔سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ٹھیک بات کرنے پر مجھے پارٹی سے نکالا گیا، میں نے اپنی نشست پی ٹی آئی کو واپس کردی تھی۔