پیرس(نیوزڈیسک )
۔یورپی پارلیمنٹ نے یورپی یونین ممالک میں کچرا کم کرنے کے لئے بعض ڈسپوزایبل پلاسٹک مصنوعات کی تیاری ممنوع قرار دیدی ہے۔ٹی آر ٹی کی ایک رپورٹ مطابق فرانس کے شہر سٹراس برگ میں منعقدہ یورپی پارلیمنٹ جنرل کمیٹی اجلاس میں پیکٹ مصنوعات کی پیداوار میں کمی، تیار مصنوعات کے دوبارہ استعمال اور ناقابل استعمال مواد کی ری۔سائیکلنگ کے اصول و ضوابط پر مبنی قانون کو 476 مثبت ووٹوں کے ساتھ قبول کر لیا گیا ہے۔ا س قانون کی رُو سے 2030 تک یورپی یونین ممالک میں بعض ڈسپوز ایبل پلاسٹک مصنوعات کو ممنوع کر دیا جائے گا۔ جن پیکٹوں کو ممنوع قرار دیا جائے گا ان میں تازہ پھلوں اور سبزیوں کے پیکٹ، کیفیٹیریاوں اور ریستورانوں میں خورد و نوش کے لئے استعمال کی جانے والی ڈسپوزایبل تھالیاں، گلاس ، چمچ اور کانٹے خوردنی چٹنیوں، کریموں اور میٹھے کے پلاسٹک پیکٹ، ٹائلٹ مصنوعات ، ہوٹلوں میں شیمپو اور صابن کے چھوٹے پلاسٹک پیکٹوں کے علاوہ 15 مائیکرو سے ہلکے پلاسٹک لفافے شامل ہیں۔واضح رہے کہ مذکورہ فیصلے رکن ممالک کی منظوری کے بعد نافذالعمل کر دیئے جائیں گے۔