اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):نیوٹریشن انٹرنیشنل نے اسلام آباد فوڈ اتھارٹی(آئی ایف اے)کو سی ڈی آر فوڈ لیب مشین کا تحفہ دیا ہے جس سے وفاقی دارالحکومت میں خوردنی اشیاء کا فوری اور درست معائنہ کیا جا سکے گا۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد فوڈ اتھارٹی(آئی ایف اے) کی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز طاہرہ صدیق نے کہا کہ ہائی ٹیک آلات سے اتھارٹی خوردنی تیل اور دودھ کے معیار کو زیادہ موثر طریقے سے چیک کرنے کے قابل ہو گی اور شہریوں کے لئے محفوظ خوراک کو یقینی بنایا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ اس مشین کی مدد سے غیر معیاری تیل کی روک تھام ممکن ہوگی اور محکمہ اس موبائل مشین کے ذریعے موقع پر ہی تیل کی جانچ کرسکے گا۔ غذائیت کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنے والی عالمی تنظیم نیوٹریشن انٹرنیشنل نے یہ عطیہ اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران فوڈ اتھارٹی کے حکام کے حوالے کیا جو دونوں اداروں کے درمیان شراکت داری کا حصہ ہے۔ اس موقع پر نیشنل منیجر برائے نیوٹریشن انٹرنیشنل ضمیر حیدر، ڈائریکٹر فوڈ عرفان نواز میمن اور فوڈ اتھارٹی کے اہم حکام بھی موجود تھے۔طاہرہ صدیق نے کہا کہ نئی سی ڈی آر فوڈ لیب مشین فوڈ اتھارٹی کے انسپکشن کے عمل کے لئے ایک اہم پیش رفت ہے، اس سے کھانے پینے کی مصنوعات کی تیزی سے جانچ پڑتال کی جا سکے گی جس سے اتھارٹی کو خوراک کے اعلیٰ معیارکو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل اور دودھ کی جانچ میں مشین کی درستگی غیر معیاری مصنوعات کو مارکیٹ تک پہنچنے سے روکنے میں مدد گار ہو گی جس سے صحت عامہ کے تحفظ میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ نیوٹریشن انٹرنیشنل صرف سامان عطیہ نہیں کر رہا بلکہ فوڈ اتھارٹی کے عملے کے لئے ماہرین کی تربیت بھی فراہم کر رہا ہے، یہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ٹیم نئی ٹیکنالوجی کو موثر طریقے سے استعمال اور اپنی صلاحیتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکے۔ نیوٹریشن انٹرنیشنل کی مہارت کے تبادلے سے اسلام آباد میں بہدف فوڈ سیفٹی کا زیادہ مضبوط نظام قائم کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔اس موقع پر ڈائریکٹر فوڈ عرفان نواز میمن نے فوڈ سیفٹی کے حوالے سے فراخدلانہ عطیات اور عزم پر نیوٹریشن انٹرنیشنل کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شہر میں کھانے کے معیار کو بہتر بنانے میں اس شراکت داری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ نئے آلات اور تربیت فوڈ اتھارٹی کو زیادہ تیزی سے اور درست طریقے سے معائنہ کرنے کے قابل بنا ئیں گے جس سے خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے پھیلنے کے خطرات کم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹریشن انٹرنیشنل اور اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے درمیان یہ شراکت داری سب کے لئے محفوظ خوراک کی فراہمی کی طرف ایک مثبت قدم ہے۔