بیجنگ:(مانیٹرنگ ڈیسک )
چین کے صوبہ شان ڈونگ کے شہر چنگ ڈائو میں چائنا ۔پاکستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا ،جس کا مقصد چینی کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنا ہے۔ اس موقع پر چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات میں تازہ ترین پیش رفت جیسے کہ زرعی منڈی تک رسائی کے متعدد معاہدوں کو حتمی شکل دینے جیسے اقدامات میں تیزی لائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ادارہ جاتی ترقی اور بی 2 بی تبادلے کے ذریعے تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چائنا اکنامک نیٹ (سی ای این) نے بدھ کو اطلاع دی کہ بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے کمرشل قونصلر غلام قادر نے پالیسیوں کا تعارف کرایا اور چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال جنوری سے مارچ تک صوبہ شان ڈونگ کی پاکستان سے درآمدات 36.25 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ اسی عرصے میں پاکستان کی چین کو برآمدات 704.40 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایس سی او ڈی اے (چائنا-ایس سی او لوکل اکنامک اینڈ ٹریڈ کوآپریشن ڈیمونسٹریشن ایریا)اے لِن چانگہوا، سی سی پی آئی ٹی (چائنا کونسل فار دی پروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ)چنگ ڈاؤ وانگ لینیو اور پاکستان چائنا سینٹر کے ڈائریکٹر وانگ زیہائی نے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی اور شنگھائی تعاون تنظیم کے ممالک کے اقتصادی انضمام کو بڑھانے میں چنگ ڈاؤ شہر کے کردار پر روشنی ڈالی۔