کراچی (ایجوکیشن رپورٹر)
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے گیارہویں روز 30جولائی بروز جمعرات کو صبح کی شفٹ میں سائنس پری میڈیکل کا زولوجی پرچہ دوم، سائنس جنرل کا کمپیوٹر سائنس پرچہ دوم اور ہوم اکنامکس کا فیملی ریلیشن اینڈ چائلڈ ڈویلپمنٹ جبکہ شام کی شفٹ میں کامرس ریگولر اور کامرس پرائیویٹ گروپس کا پرنسپل آف کامرس پرچہ اول لیا گیا۔ چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین اور ناظم امتحانات انور علیم خانزادہ نے آج بھی امتحانی مراکز کا دورہ کر کے امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔ چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے نائب ناظمین امتحانات اسلم چوہان، زاہد رشید، آئی او سی زرینہ راشد اور پروفیسر فرزانہ خان پر مشتمل ٹیم کے ہمراہ گورنمنٹ نیشنل کالج، پی ایس ایچ ایس ایجوکیشن فاؤنڈیشن کالج، گورنمنٹ کالج ایس آر مجید III، گورنمنٹ بوائز کالج بفرزون اور گورنمنٹ گرلز کالج بفرزون کالج کا دورہ کر کے امتحانی عمل پر مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ناظم امتحانات انور علیم خانزادہ نے گورنمنٹ ڈگری کالج فار ویمن بلاک Mنارتھ ناظم آباد، گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج سیکٹر 11-B، گورنمنٹ کالج فار ویمن 11-Fنیو کراچی اور پریمیئر گورنمنٹ بوائز کالج بلاک H نارتھ ناظم آباد کا دورہ کر کے امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔ چیئرمین انٹربورڈ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین اور ناظم امتحانات انور علیم خانزادہ نے گورنمنٹ ڈگری کالج فار ویمن بلاک ایم نارتھ ناظم آباد سمیت دیگر امتحانی مراکز پر جاری لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک پر برہمی کا اظہار کیا۔ چیئرمین انٹربورڈ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کی ہدایت پر سینئر پروفیسرز پر مشتمل ویجی لینس ٹیموں نے بھی مختلف امتحانی مراکز کا دورہ امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔