کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری شہداءقبرستان عزیز آباد گئے جہاں انہوں نے شہداءکے لئے ایصال ثواب کے لئے دعا بھی کی۔ بعد ازاں وہ ڈاکٹر عمران فاروق اور عظیم احمد طارق کی قبروں پر گئے وہاں پر پھولوں کی چادر رکھیں۔ اس موقع پر سابق میئر کراچی وسیم اختر بھی موجود تھے۔ بعد ازاں گورنرسندھ متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز بہادر آباد گئے جہاں پر رابطہ کمیٹی کے اراکین نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گور نر سندھ نے کہا کہ رابطہ کمیٹی اور متحدہ کے کارکنان نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے میری پوری کوشش ہوگی کہ میں نہ صرف اس پر پورا اتروں بلکہ اس فیصلہ کو درست بھی ثابت کرسکوں۔
انہوں نے کہا کہ میری پوری کوشش ہوگی کہ وفاق و صوبہ کے درمیان ہم آہنگی کے مزید فروغ میں اپنی تمام تر صلاحتیں اور کاوشیں بروئے کار لاسکوں اس ضمن میں تاجر برادری سے قریبی رابطہ رکھنے کے ساتھ ساتھ متحدہ کے بند دفاتر کو کھلوانے کی پوری کوشش کرسکوں انہوں نے مزید کہا کہ شہداءکے خاندان کے زخموں پر مرہم رکھیں گے۔ گورنرسندھ نے کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے بڑھتے ہوئے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی ،آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کا اجلاس گورنر ہاﺅس میں جلد طلب کیا جائے گا تاکہ ملک کے معاشی حب کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے واقعات کو کنٹرول کیا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ امن و امان کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جو قربانیاں دی ہیں انہیں رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، فوج ، رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔ روشنی کے شہر کراچی کی بحالی کے لئے ہر ممکن کوششیں کریں گے۔