لداخ(نیوز ڈیسک ):مقبوضہ جموں وکشمیر میں لداخ خطے کے آئینی اورسیاسی حقوق کی بحالی کیلئے کارگل ڈیموکریٹک الائنس پر ضلع کارگل میں ہڑتال کی گئی اور اپنے مطالبات کی حمایت میں ہزاروں لوگوں نے ایک زبردست احتجاجی ریلی نکالی ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق لداخ میں مذہبی، سماجی ورطلبہ تنظیموں کے ارکان کی بڑی تعداد نے بھی لداخ کو ریاست کا درجہ دینے اور چھٹے شیڈول کے تحت آئینی تحفظات کی حمایت میں احتجاجی ریلی میں شرکت کی ۔ ضلع کارگل میں کارگل ڈیموکریٹک الائنس کی اپیل پر مکمل ہڑتال کی گئی اور اس دوران نصف دن کیلئے تمام کاروباری ادارے اور دیگر نجی دفاتر بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت معطل رہی ۔ کارگل میں فاطمہ چوک سے حسینی پارک تک نکالی گئی ریلی میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ‘لداخ کو بچائو’، ‘لداخ میں جمہوریت بحال کرو’جیسے نعرے درج تھے۔واضح رہے کہ کارگل ڈیموکریٹک الائنس نے خطے کے سیاسی اور آئینی حقوق کی بحالی خصوصا لداخ کو ریاست کا درجہ دینے کے مطالبے کے حق میں گزشتہ 15دن سے بھوک ہڑتال کرنے والے ممتاز تعلیمی اور ماحولیاتی ماہر سونم وانگچک کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آج نصف دن کی ہڑتال کی کال دی تھی ۔