کراچی ( نمائندہ خصوصی)
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کامیابی سے جاری ہیں۔ بروز پیر 4جولائی کو صبح اور شام کی شفٹوں میں سائنس پری انجینئرنگ اور سائنس جنرل کا میتھمیٹکس پرچہ اول، ہوم اکنامکس کا ہوم مینجمنٹ اور کامرس ریگولر و کامرس پرائیویٹ گروپس کا انگلش نارمل اور انگلش ایڈوانسڈ کے پرچے لیے گئے۔ چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین اور ناظم امتحانات انور علیم خانزادہ نے آج بھی مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کر کے امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔ چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے نائب ناظم امتحانات زاہد رشیدکے ہمراہ گورنمنٹ بوائز ایگرو ٹیکنیکل اسکول نمبر ون شاہ فیصل کالونی اور گورنمنٹ سپریئر سائنس کالج، گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج سیکٹر 5-L اور گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج سیکٹر الیون بی نارتھ کراچی کا دورہ کیا۔ چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے گورنمنٹ بوائز ایگرو ٹیکنیکل اسکول نمبر ون شاہ فیصل کالونی کے دوران 26 طلباء کو نقل کرتے ہوئے پکڑا۔ گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج سیکٹر الیون بی گرلز کالج میں پرنسپل موجود نہیں تھیں جبکہ کچھ مرد حضرات ویجی لینس کررہے تھے
جس پر چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے سیکرٹری کالجز کو خط لکھا جائے گا۔ ناظم امتحانات انور علیم خانزادہ نے گورنمنٹ ڈگری کالج فار ویمن بلاک ایم، گورنمنٹ ڈگری سائنس کالج لیاقت آباد قاسم آباد، آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول بلاک 7ایف بی ایریا، مہران ڈگری کالج بلاک 6ایف بی آیریا، گورنمنٹ ایگرو ٹیکنیکل سیکنڈری اسکول شاہ فیصل کالونی اور گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج بلدیہ ٹاؤن کا دورہ کر کے مجموعی طور پر 8طلباء کو نقل کرتے ہوئے پکڑا۔ آئی او سی زرینہ راشد اور پروفیسر فرزانہ خان نے لیاقت گورنمنٹ گرلز کالج اور بحریہ کالج کارساز کا دورہ کیا۔ پروفیسر شبانہ افضل، پروفیسر ثمین احمد اور پروفیسر نازش جعفری پر مشتمل سپر ویجی لینس ٹیم نے بھی مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے سپر ویجی لینس ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ٹیم کے ارکان کی کارکردگی کی تعریف کی۔ پروفیسر عبدالباری نے سینئر پروفیسرز پر مشتمل ٹیم کیساتھ پبلک اسکول اینڈ کالج الیون سی 2کا دورہ کیا جہاں ایک طالب علم سے موبائل فون برآمد ہوا۔پروفیسر عذیر مدنی اور ان کی ٹیم نے گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج 7D/2نارتھ کراچی کا دورہ کیا اور سات موبائل قبضے میں لے کر کاپی کیس بنائے۔