اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )چیف شماریات ڈاکٹر نعیم الظفر نےملک بھر میں نئی ڈیجیٹل مردم شماری کا شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نئی ڈیجیٹل مردم شماری مارچ میں شروع ہوگی اور اپریل میں مکمل ہوگی،مردم شماری میں فوج سیکیورٹی فراہم کرے گی،34ارب روپے خرچ ہوں گے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف شماریات ڈاکٹر نعیم الظفر نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری پر34ارب روپے خرچ ہوں گے جبکہ گزشتہ مردم شماری پر17ارب روپے کے اخراجات آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ مردم شماری کےلئے ایک لاکھ21ہزار شمار کنندگان کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ ڈیجیٹل مردم شماری کیلئے ایک لاکھ 26ہزار ٹیبلٹ خریدے گئے ہیں۔ڈاکٹر نعیم الظفر نے کہا کہ نئی مردم شماری میں فوج صرف سیکیورٹی فراہم کرےگی، مردم شماری کیلئے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 6ماہ یا اس سے زائد عرصہ کسی جگہ قیام کرنے والوں کوشمارکیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں غیرملکی شہریوں کو بھی شمار کیا جائے گا تاہم غیرملکیوں سے ان کی شہریت پوچھی جائے گی۔اس موقع پر ممبر شماریات سرور گوندل نے کہا کہ نئی مردم شماری کیلئے قومی شناختی کارڈ کی شرط نہیں ہوگی جبکہ مردم شماری کے ساتھ اکنامک ڈیٹا کا فریم ورک بھی تیار کیا جائے گا۔