کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان رینجرز (سندھ) اورپولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے منظورکالونی سے دہشت گردی میں ملوث ملزم شیخ بلال ظفر فاروقی کو گرفتار کر لیا۔ملزم کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کر لیاگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملزم نے یکم اکتوبر 2022کورات کے وقت اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ضلع کورنگی کے علاقے میں واقع فائر بریگیڈ اسٹیشن میں گھس کر فائرنگ کر کے فائر بریگیڈ کے 2ملازمان محبوب اورعامر کوقتل کیااور ایک ملازم ارشاد کو زخمی کیا جو دوران علاج جان کی بازی ہار گیا۔
واقعہ کی ایف آئی آر نمبر 672/2022زیر دفعات 302،324،186،34اور7ATAتھانہ عوامی کالونی میں درج ہے۔ملزم اس سے پہلے بھی متعدد بار گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔گرفتار ملزم کوبمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔