کراچی(بیورورپورٹ )گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پارٹی کے لاپتہ کارکنان کی بازیابی کے لیے پوری کوشش کروں گا۔گورنر سندھ نے ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز پہنچے، جہاں انہوں نے پارٹی رہنماﺅں سے ملاقات کی۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ گورنر سندھ کراچی میں امن و امان کی صورت حال کا نوٹس لیں گے۔کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ جو کوٹا سسٹم سندھ میں نافذ ہے اس پر بھی پوری طرح عمل درآمد نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہاکہ گورنر، ایم کیو ایم کے لاپتہ کارکنان کی بازیابی میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔ ہمیں یقین ہے گورنر سندھ دیہی اور شہری سندھ کی تفریق بھی دور کریں گے۔ اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ میں کوشش کروں گا کہ کارکنان کا اعتماد بحال کرسکوں، انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی کے دفاتر کھلوانے میں کردار ادا کروں گا۔ پارٹی کے لاپتہ کارکنان کی بازیابی کے لیے پوری کوشش کروں گا۔اس سے قبل جب گورنر سندھ ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز پر پہنچے تو پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کا استقبال کیا گیا۔ایم کیوایم رہنماﺅں اور کارکنان کی جانب سے گورنر سندھ کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔