اسلام آباد (بیورورپورٹ) ترکیہ کے وزیر خارجہ میولت چاواش اولو کے 19 اکتوبر کو پاکستان پہنچنے کا امکان ہے ۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ترکیہ کے وزیر خارجہ کے ہمراہ ایک وفد بھی پاکستان پہنچے گا، وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر دفتر خارجہ حکام کے ہمراہ مہمان خصوصی کا استقبال کریں گی۔ترکیہ کے وزیر خارجہ پاکستان میں سیلاب سے ہونی والی تباہی کاریوں پر بھرپور اظہار یکجہتی کریں گے۔سفارتی ذرائع کے مطابق میولت چاواش اولو دوہ پاکستان کے دوران سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔سفارتی ذرائع کے مطابق وہ سندھ اور کے پی میں سیلاب متاثرین کے مداری کیمپوں کا دورہ بھی کریں گے۔سفارتی ذرائع کے مطابق ترکیہ کے وزیر خارجہ کی جانب سے میڈیا سے گفتگو کا بھی امکان ہے ، ترکیہ کے وزیر خارجہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے بھی ملاقات کریں گے، میولت چاواش اولو کی وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات ہو گی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق وہ پاکستان میں امدادی سرگرمیوں میں شریک ترکیہ کے رضاکاروں سے بھی ملیں گے، قبل ازیں ترک صدر رچپ طیپ اردوان کی جانب سے ستمبر میں دورہ پاکستان طے تھا تاہم ان کی مصروفیات کے باعث دورہ پاکستان کو ملتوی کیا گیا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اب ترک صدر رچپ طیپ ارووان کی جانب سے رواں برس کے آخر میں دورہ پاکستان متوقع ہے، ترک وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان سے قبل ترک سفارت خانہ ترک کھانوں کی نمائش بھی منعقد کرے گا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق معروف ترک شیف براق ازدامیر بھی اس نمائش میں شرکت کریں گے، براق ازدامیر نے 2020 میں بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا ، براق ازدامیر پاکستان میں بیحد معروف ہے۔