سرینگر(نمائندہ خصوصی) غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے لوگوں کو سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے شہید رہنما الطاف احمد شاہ کی نماز جنازہ میں شرکت سے روک دیا۔شہید رہنما کی میت بچھ پورہ سرینگر میں ان کے گھر پہنچنے پر حکام نے انٹرنیٹ سروس معطل کر دی اور سرینگر کے علاقوں لال بازار، وازہ کالونی اور بچھ پورہ کو سیل کر دیا۔ سوگوار خاندان میں سے ایک نے بتایا کہ قابض حکام نے ان علاقوں میں بھاری تعداد میں بھارتی فوجی ، پیراملٹری فورسز اور پولیس کے اہلکار تعینات کر دیے تھے تاکہ لوگوں کو الطاف احمد شاہ کی رہائش گاہ پر جانے اور ان کے جنازے میں شرکت سے روکا جائے۔انہوں نے کہا کہ صرف گھر میں موجود رشتہ داروں اور قریبی ہمسایوں کو ہی شہید رہنما کی نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت دی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ علاقے کو سیل کر دیا گیا تھا اور کسی بھی بیرونی شخص کو علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔مقامی قبرستان میں بھی بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جہاں شہید رہنما کو سپرد خاک کیا گیا۔