،گوادر کتب میلے میں تصویری نمائش کا اغاز
گوادر( نمائندہ خصوصی) گوادر کتاب میلہ کے دوسرے روز ڈائریکٹر یٹ آف کلچر حکومت بلوچستان کے اشتراک و تعاون سے گوادر کے معروف مصور اور خطاط محسن شفیع اور نوجوان فنکاروں نیاز سبزل، شبیر قاسم اور مراتب شفیع کے فن پاروں کی تین روزہ نمائش کا آغاز ہوا۔ نمائش کا افتتاح ادارہ ترقیات گوادر کے ڈی جی مجیب الرحمن قمبرانی اور نامور مصور اور رنگ تماشہ فیم شرجیل بلوچ نے کی۔
مجیب الرحمن قمبرانی نے تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں اس فیسٹول جیسے رنگا رنگ ایونٹ کا گذشتہ کئی سالوں سے انعقاد ایک بہت بڑی کامیابی ہے یہ مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے اور اس سے بلوچستان بھر کی ثقافت وکلچر کو فروغ مل رہا ہے۔
انہوں نے ادارہ ثقافت بلوچستان کی گوادرکتب میلہ کے ساتھ اشتراک کار کو سراہا اور گوادر میں آرٹ گیلری کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتےہوئے شرجیل بلوچ نے کہا کہ پچھلے سال گوادر کے فوٹوگرافرز کی نمائش دیکھنےکے بعد آج گوادر کے مصوروں کا کمال دیکھنے کا موقع مل رہا ہے جو میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور خاص کر ادارہ ثقافت کی طرف سے گوادر بک فیسٹول کی مدد اور سرپرستی خوش آئند ہے۔ انہون نے گوادر کے فنکاروں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لئے انکو تربیت کے مواقع فراہم کرانے کی ضرورت ہر بھی زور دیا۔اس موقع پر اسٹیج پر محسن شفیع، نیاز سبزل،شبیر قاسم اور مراتب شفیع بھی موجود تھے۔ نظامت کے فرائض عبدالوہاب نے سرانجام دیئے۔