اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی/ نیٹ نیوز)کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کےلئے گولڈ میڈلسٹ جیت کر سبز ہلالی پرچم بلند کرنے والے ایتھلیٹ نوح بٹ خود ایک قومی کرکٹر کے فین نکلے۔
کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے پر نوح بٹ کو صدر پاکستان، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے مبارکباد دی گئی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، کامران اکمل اور محمد حفیظ کی جانب سے بھی نوح بٹ کی حوصلہ افزائی کی گئی۔بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر نوح بٹ کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ان جیسے سپر اسٹارز پر بہت زیادہ فخر ہے، ہمارے تمام ایتھلیٹس کو باقاعدہ اسٹرکچر، سپورٹ اور بہترین سہولیات کی ضرورت ہے۔
قومی ٹیم کے سابق اسٹار آل راونڈ محمد حفیظ نے بھی نوح بٹ اور پاکستان کو کامن ویلتھ گیمز میں پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی۔جس کے جواب میں نوح بٹ نے بھی ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ حفیظ بھائی، میں آپ کا بہت بڑا فین ہوں، حوصلہ افزائی کے لیے شکریہ آپ کے الفاظ میرے لیے بہت معنی رکھتے ہیں۔