ایکسائز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کے ایک خالی پلاٹ سے بھاری مقدار میں ہیروئن، چرس، آئس برآمد کرلی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایکسائز پولیس نے ڈسٹرکٹ ویسٹ میں گزشتہ شب کارروائی کی اور ایک خالی پلاٹ سے بھاری مقدار میں ہیروئن، چرس اور آئس برآمد کرلی۔
یہ منشیات سرجانی ٹاؤن میں 200گز کے ایک خالی پلاٹ میں پلاسٹک کے بڑے تھیلوں میں پیک کرکے چھپائی گئی تھیں۔
کارروائی کے حوالے سے صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش چاؤلہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چھاپے میں پکڑی گئی تین سو چار کلوگرام ہیروئن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 1.4ارب ڈالر ہے۔
چھاپے میں ہیروئن کے علاوہ بھاری مقدار میں چرس اور آئس بھی پکڑی گئی ہے جس کی مالیت 3 ارب روپے سے زائد بتائی جاتی ہے، تاہم چھاپے کے دوران کسی گرفتاری کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ منشیات کا یہ بھیانک کاروبار بہت گہری جڑیں رکھتا ہے اور اس میں خود محکمہ ایکسائز کے افسران اور عملہ بھی ملوث پایا گیا ہے۔
ایک کارروائی میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات فروشی میں ایکسائز انسپکٹر اور کانسٹیبل کو رنگے ہاتھوں پکڑا تھا۔
اے این ایف نے سرکاری ملازمت کی آڑ میں منشیات فروشی کرنے والے ایکسائز انسپکٹر اور کانسٹیبل کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر ہیروئن اور اسلحہ برآمد کرکے ان کےخلاف مقدمہ درج کیا تھا۔