کراچی( کرائم رپورٹر ) ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ آج پولیس کے لیے بھاری دن ہے، کورنگی میں ڈاکوؤں سے لڑتے ہوئے ایک پولیس اہلکار شہید ہوا جبکہ سینئر افسر سمیت تین اہلکار زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی زمان ٹاؤن میں ڈاکوؤں سے لڑتے ہوئے پولیس اہلکار شہید ہوا جبکہ کورنگی میں شہری کے جاں بحق ہونے پر بھی افسوس ہے۔ایڈیشنل آئی جی نے بتایا کہ ڈاکو پولیس اہلکار کو شہید کرکے فرار ہوئے تھے فرار ڈاکو کو تعاقب کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کیا گیا ہے جبکہ مقابلے میں دو جوان زخمی ہوئے ہیں۔جاوید عالم اوڈھو کے مطابق پولیس اہلکار نے دونوں ڈاکوؤں کو شناخت بھی کرلیا ہے۔کراچی پولیس چیف نے کہا کہ کورنگی میں شہری کی جان گئی جس پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، شہری کو قتل کرنے والے ملزم کو بھی ڈھونڈ رہے ہیں۔ایڈٰیشنل آئی جی نے کہا کہ پولیس نے رواں سال 122 ملزمان ہلاک کے ہیں جبکہ 998 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہر قائد میں رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر 104 شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فرائض سے غافل نہیں ہے امن و امان کے لیے کام کررہے ہیں۔