لاہور( نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر تخفیف غربت ، سماجی تحفظ و چیئر پرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہملک عمران خان کے کسی ایڈونچر کا متحمل نہیں ہو سکتا،امتحانات تو پارٹس میں ہوتے دیکھے تھے لیکن مارچ پہلی مرتبہ دیکھا ہے جو پارٹس میں کیا جارہا ہے، اگر عمران خان نے اصلی اور حقیقی مارچ کرنا ہے تو اپنے بچے واپس لاﺅ،جب آپ اپنے بچوں کو تکلیف نہیں دیتے تو پاکستانی بچوں کو کیوں استعمال کرتے ہو،یہ کبھی مذہب کا استعمال اور کبھی آزادی ڈرامہ کرتا ہے،یہ صرف طاقت ، کرسی اور ہیلی کاپٹر چاہتا ہے،یہ بگڑ چکا ہے،سب کو چور کہنے والا خود گھڑی چور کے نام سے مشہور ہے،تم کون سی آزادی کی بات کرتے ہو ،یہ خون کی قیمت پر کرسی چاہتا ہے،اسے کسی بھی قیمت پر اقتدار چاہیے۔وہ پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کر رہی تھیں ۔ اس موقع پر رانا فاروق سعید،شہزاد سعید چیمہ،ثمینہ خالد گھرکی،
منور انجم،سونیا خان،فائزہ ملک،فیصل میر،،نایاب جان اور دیگر بھی موجود تھے۔ شازیہ مری نے کہا کہ ارشد شریف کے قتل کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں،تحقیقاتی رپورٹنگ میں ارشد شریف کا نام یاد رکھا جائے گا ، ان کا قتل صحافی برادری اور پاکستانی قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہے،ارشد شریف کے قتل پر سیاست کرنے والے کا ضمیر ہے نہ اسے شرم ہے ۔پی ٹی آئی جس طرح اس پر سیاست کر رہی ہے وہ شرمناک ہے۔انہوں نے کہا کہ گوانتانامو بے سے سیف اللہ پراچہ کی رہائی خوشخبری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ڈکٹیٹر کو عمران نیازی نے جتوایا اسی نے سیف اللہ پراچہ کو امریکہ کے حوالے کیا،عمران نیازی اس ڈکٹیٹر کو مضبوط کرنے میں شریک تھا۔انہوں نے کہا کہ اب پاکستان فیٹف لسٹ میں نہیںجو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔شازیہ مری نے کہاکہ پاکستان کے 34اضلاع ابھی تک زیر آب ہیں، سیلاب سے 11لاکھ مویشی ہلاک ہوئے ،82لاکھ لوگوں کو ہنگامی طبی امداد کی ضرورت ہے۔معیشت کو40ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے،آج سازشی عناصر اس سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔