اسلام آباد (نیٹ نیوز ) معروف میزبان ڈاکٹر شائستہ لودھی قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کو ایشیا کپ کےلئے ٹیم کا حصہ نہ بنانے پر حق میں میدان میں آگئیں ۔شائستہ لودھی نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کی جس میں انہوں نے لکھا شعیب ملک کا 2021 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بہترین رہا۔
انہوں نے کہا کہ شعیب نے پاکستان سپر لیگ کے ساتویں سیزن کی 11 اننگز میں 30 سے زیادہ اسکور کیا، متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز اور پاکستان کے مڈل آرڈر کے مسائل دیکھتے ہوئے شعیب کو ایشیا کپ 2022 میں شامل نہ کرنا سمجھ سے باہر ہے۔شائستہ نے کہاکہ وہ اسپن کو شاندار کھیلتے ہیں اور انہوں نے فاسٹ بولنگ کے خلاف بھی اپنے کھیل میں کئی حد تک بہتری کی ہے،
خاص طور پر میچ کے آخری اوورز میں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیدرلینڈز اور اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کےلئے قومی اسکواڈز کا اعلان کیا تھا جس میں شعیب ملک اور حسن علی کو شامل نہیں کیا گیا۔ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رو¿ف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر کو شامل کیا گیا ہے۔