لاہور(نمائندہ خصوصی) سابق وفاقی وزیر و مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جڑانوالہ میں قرآن ِ پاک کے اوراق کی توہین مسلم مسیحی فسادات کروانے کی سوچی سمجھی سازش ہے، مذہبی غیرت کی آڑ میں میں مسیحی بستی اورعبادت گاہوں پر حملے ناقابل برداشت وحشیانہ عمل ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ کے مجرموں کو نشان عبرت بنایا جائے، قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے اور مسیحی بستی پر حملے کروانے اور کرنے والے سخت ترین سزاﺅں کے حقدار ہیں۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت مسیحی متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کرے ،اقلیتوں کا تحفظ سماج اورریاست کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔